پاکستان نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے کے ایک اہم اور سنسنی خیز میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور محض 49 رنز پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 4 اور صائم ایوب نے ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوکر ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔
فخر زمان 13، حسین طلعت 3 اور کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم محمد حارث نے 31، محمد نواز نے 25 اور شاہین آفریدی نے 19 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو 135 رنز تک پہنچایا۔ جواب میں بنگلادیش کی ٹیم بھی دباؤ کا شکار رہی اور 63 کے مجموعے پر اس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ پاکستان کی شاندار بولنگ کے باعث بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 124 رنز بنا سکی۔
شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 3،3 جبکہ صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنالی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔