Advertisement

T-20ورلڈکپ فائنل میں پاکستانی بیٹرز کی بتی گل ، انگلینڈ کو جیت کیلئے 138 رنز کا ہدف

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 years ago پر Nov 13th 2022, 7:52 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
T-20ورلڈکپ فائنل میں پاکستانی بیٹرز کی بتی گل ، انگلینڈ کو جیت کیلئے 138 رنز کا ہدف

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

اوپنر محمد رضوان 15 رنز بناکر سیم کرن کا شکار بنے جب کہ ٹیم کے 45 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 8 رنز اور بابر 32 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد صفر پر بین اسٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جب کہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آؤٹ کیا۔ 

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں، نائب کپتان شاداب خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد اور محمد حارث،محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ 
اس کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور انگلش کرکٹ ٹیم  کی جانب سے بولر مارک ووڈ انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور میلبرن میں اس وقت بادل چھائے ہوئے ہیں تاہم بارش کا امکان پہلے سے کم ہو گیا ہے۔

Advertisement
Advertisement