Advertisement

کوشش ہے عید الفطر کے بعد ڈیڑھ سے 2لاکھ ویکسین روزانہ لگائیں : اسد عمر

اسلام آباد: این سی او سی کے سربراہ اسد عمرنے کہا ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کے لئے ویکسینیشن کھول دیں گے اور حکومت کی کوشش ہے عید الفطر کے بعد ڈیڑھ سے 2لاکھ ویکسین روزانہ لگائیں۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 5 years ago پر Apr 14th 2021, 6:05 am
ویب ڈیسک کے ذریعے

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ روزانہ 60 سے 70 ہزار ویکسین لگائی جا رہی ہے اور ابھی 9 لاکھ سے زائد ویکسین دستیاب ہے۔ اب تک 6لاکھ ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ 8،10 دن پہلے انتظامیہ نے کچھ سخت انتظامات کئے جس کی وجہ سے اب کچھ وباء کے بڑھنے میں ٹہراؤ لگ رہا ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ انتظامیہ نے بھی صحیح کام نہیں کیا۔سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ پورے خطے میں برطانوی وائرس پھیلا ہوا ہے اور جس طرح کے حفاظتی اقدامات اور عمل درآمد ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 13 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں کچھ کمی آئی ہے لیکن عوام نے رمضان المبارک اور بالخصوص آخری عشرے میں احتیاط نہ کی تو صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو حکومت کے پاس سخت اقدامات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔سربراہ این سی او سی نے عوام سے بھرپور احتیاط کرنے کی اپیل بھی کی۔

Advertisement