پاکستان

سعودی عرب ، عراق اور دیگر عرب ممالک میں پاکستانی فقیر سر درد بن گئے

عرب ممالک میں گرفتار 99 فیصد فقیروں کا تعلق پاکستان سے ہے، سیکرٹری اوورسیز

GNN Web Desk
شائع شدہ a year ago پر Sep 27th 2023, 2:51 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
سعودی عرب ، عراق اور دیگر عرب ممالک میں پاکستانی فقیر سر درد بن گئے

سعودی عرب ، عراق اور دیگر عرب ممالک میں پاکستانی فقیر سر درد بن گئے ہیں،

چیئرمین منظور احمد کاکڑ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ عرب ممالک میں گرفتار 99 فیصد فقیروں کا تعلق پاکستان سے ہے، فقیر زیادہ تر عمرے کے ویزے پر یا ویزٹ ویزے پر جاتے ہیں۔ حرم کے اندر جتنے بھی جیب کترے پکڑے جاتے ہیں ان میں اکثریت کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے۔

سینیٹر رانا محمودالحسن نے اجلاس کے دوران کہا کہ جاپان نے 3 لاکھ 40 ہزار ہنرمند افراد مانگے ہیں، بھارت نے ڈیڑھ لاکھ، نیپال نے 91 ہزار ہنرمند جاپان بھیجے، بنگلا دیش اور سری لنکا نے بھی ہنرمند افراد جاپان بھیجے لیکن پاکستان سے صرف 200 افراد جاپان گئے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 50 ہزار انجینئر بیروزگار ہیں جبکہ نیپال کی3 کروڑ آبادی ہے، انہوں نے اپنے لوگوں کو جاپانی سکھا دی، سعودی عرب کی جانب سے بھی اب ہنرمند افراد کو لیاجا رہا ہے، سعودی عرب کو اب سادہ لیبر نہیں اسکلڈ لیبر چاہیے۔

سینیٹر رانا محمود الحسن نے مزید کہا کہ ہمارے 30 لاکھ افراد سعودی عرب میں ہیں، نیوٹیک نے سفارش تیار کر کے سعودی عرب بھیجی ہے،کیا تیاری کی جا رہی ہے، ہم نے جو پہلے پرپوزل تیار کیا تھا وہ سعودی عرب نے مسترد کر دیا، ہم کم از کم 50 ہزار افراد کو تو تربیت دے کر بھیجیں۔

سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز ذیشان خانزادہ نے اجلاس کو بتایا کہ ایک ملین کے قریب پاکستانی سمندر پار ہیں، بھارت اور بنگلا دیش ہم سے بہت آگے ہیں، سعودی عرب میں اسکلڈ سینٹر بنا دیا ہے، یو اے ای میں ہمارے 16 لاکھ افراد ہیں جبکہ قطر میں 2 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں۔

ذیشان خانزادہ نے مزید بتایا کہ جو صورتحال ہے اس میں ہمارے لوگ بیرون ملک جانے کو تیار ہیں، لوگ روزگار کے لیے بیرون ملک جانے پر 50 لاکھ بھی دینے کو تیار ہیں۔

حکام سمندر پار پاکستانیز نے بتایا کہ جاپان کے ساتھ 2019 میں ہمارا معاہدہ ہوا، ہم زبان کی تربیت بھی دیتے ہیں جس کی توثیق جاپان خود کرتا ہے۔