Advertisement
پاکستان

9 فروری کا سورج ملک کی تقدیر بدل دے گا ،شہباز شریف

صدر پی ایم ایل این شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا نواز شریف آگے آیا

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 years ago پر Feb 7th 2024, 1:24 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
9 فروری کا سورج ملک کی تقدیر بدل دے گا ،شہباز شریف

شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوفروری کا سورج نومئی کے سورج کو ختم کر دے گا، ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا نواز شریف آگے آیا۔

قصور میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف نے کبھی جادو ٹونے کا سہارا نہیں لیا۔ نوازشریف کی تین بار حکومت کا تختہ الٹا گیا لیکن انھوں نے کسی کو میرجعفر نہیں کہا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایک طرف برداشت اور دوسری طرف تکبر ہے، ایک طرف دعائیں اور دوسری طرف گالم گلوچ ہے، ایک طرف ایثار اور قربانی اور دوسری طرف لالچ اور پیسا بٹورنے کی سازش، ایک طرف نوازشریف کی ملک سے محبت اور دوسری طرف دشمنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا نواز شریف آگے آیا، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ایک طرف نو مئی کی ملک کی سازش اور دوسری طرف 28 مئی ہے، ایک طرف اندھیرے تھے تو دوسری طرف نوازشریف روشنی لے کرآئے۔

شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف نے 28 مئی کو پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔  اب کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھے گا۔ آپ نے مجھے اس حلقے میں امیدوار بنا کر خرید لیا ہے، 8 فروری کو آپ نے شیر پر مہر لگانی ہے۔

صدر پی ایم ایل این نے کہا کہ یہ ہے وہ نوازشریف جس نے صبرکیا برداشت کیا۔ نوفروری کا سورج نومئی کے سورج کو ختم کر دے گا۔ نوازشریف وزیراعظم بنے تو پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نوازشریف کی قیادت میں قصور کو لاہور بنا دیں گے۔

Advertisement