لکی مروت میں پولیس افسر کے گھر پر حملہ، ایس ایچ او کے 2بھائی جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک بھائی خود بھی پولیس کانسٹیبل تھا، پولیس

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 months ago پر Sep 8th 2024, 9:28 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
لکی مروت میں پولیس افسر کے گھر پر حملہ، ایس ایچ او کے 2بھائی جاں بحق

لکی مروت : خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے گھر پر حملہ کر دیا ہے۔ اس حملے میں ایس ایچ او کے 2بھائی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ لکی سٹی کی حدود اباخیل میں پیش آیا۔ حملہ آوروں نے گھر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کے 2بھائیوں کو گولیاں لگیں۔ دونوں بھائیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی شدت کی وجہ سے دم توڑ گئے۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک بھائی خود بھی پولیس کانسٹیبل تھا۔ ایس ایچ او شفقت اللہ خان اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے اور اس لیے وہ محفوظ رہے۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہیں اور واقعہ کی جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لکی مروت میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔ اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں نے امن و امان کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔