علاقائی

استور سے راولپنڈی  جانیوالی باراتیوں سے بھری گاڑی کو حادثہ ، 18افراد ہلاک

ریسکیو ورکرز کی جانب سے لاشوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے اور جائے حادثہ پر ڈپٹی کمشنر دیامر سمیت دیگر حکام بھی موجود ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ ایک ماہ قبل پر نومبر 12 2024، 9:17 شام
ویب ڈیسک کے ذریعے
استور سے راولپنڈی  جانیوالی باراتیوں سے بھری گاڑی کو حادثہ ، 18افراد ہلاک

 گلگت بلتستان کے علاقے استور سے راولپنڈی  جانیوالی باراتیوں کی کوسٹر دریا میں گرگئی ہے، جس میں 25 افراد سوار تھے، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دریا سے 4 خواتین سمیت 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ ایک لڑکی زخمی حالت میں ملی ہے، جسے  ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمی لڑکی مبینہ طور دلہن بتایا گیا ہے، جبکہ 10 لاپتا افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کے باعث قریب ترین  ہسپتال اور گلگت سب ڈویژن جگلوٹ میں سول ہسپتال کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ راولپنڈی جانے والی باراتیوں کی کوسٹر کو تھلیچی پل کے قریب حادثہ پیش آیا اور دریا میں جاگری۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر نے باراتیوں کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے۔
ریسکیو ورکرز کی جانب سے لاشوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے اور جائے حادثہ پر ڈپٹی کمشنر دیامر سمیت دیگر حکام بھی موجود ہیں۔