Advertisement
پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ختم، آرمی چیف کی دورۂ امریکا کے حوالے سے بریفنگ

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران سے اظہارِ یکجہتی، خطے میں امن و استحکام کے فروغ، اور ممکنہ سفارتی اقدامات پر مشاورت کی گئی

GNN Web Desk
شائع شدہ 6 months ago پر Jun 23rd 2025, 5:54 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ختم، آرمی چیف کی دورۂ امریکا کے حوالے سے بریفنگ

قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا، جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ملکی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ شریک افراد میں نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، مسلح افواج کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام شامل تھے۔

اجلاس میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس دوران ملک کی داخلی و سرحدی سلامتی کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران سے اظہارِ یکجہتی، خطے میں امن و استحکام کے فروغ، اور ممکنہ سفارتی اقدامات پر مشاورت کی گئی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران ایران، اسرائیل اور امریکا کے مابین جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس حوالے سے کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اجلاس میں اپنے حالیہ دورۂ امریکا کے حوالے سے بریفنگ دی، اور امریکی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے بعد حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا، جس میں اجلاس کے فیصلوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

Advertisement