ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جو برابر رہا، تاہم سپر اوور میں بھارت نے فتح حاصل کرلی۔
دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے، جس میں ابھیشیک شرما کے 61 اور تلک ورما کے ناقابل شکست 49 رنز شامل تھے، جبکہ سنجو سیمسن نے 39 اور اکشر پٹیل نے 21 رنز اسکور کیے۔ جواب میں سری لنکا نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاتھن نسنکا کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے اور یوں میچ برابر ہوگیا۔
میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جہاں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 2 رنز بنائے، جو بھارت نے باآسانی حاصل کرکے کامیابی سمیٹ لی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل اب اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

























