جی این این سوشل

پاکستان

ای وی ایم… جواب کون دے گا؟

پر شائع ہوا

کی طرف سے

دنیا کے بیشتر ممالک میں حکومتیں انتخابی عمل کے ذریعے بنتی ہیں۔ دنیا بھر کے سیاسی رہنما انتخابی عمل پر سوال بھی اٹھاتے رہتے ہیں۔ ایسے میں انتخابات کس طرح شفافیت سے کرائے جائیں اس کے لیے بھی مسلسل کوششیں کی جاتی ہیں۔

عمران یعقوب خان Profile عمران یعقوب خان

وطنِ عزیز میں آج تک ہونے والے تمام الیکشنز کو بھی اپوزیشن کی جانب سے ہمیشہ دھاندلی زدہ قرار دیا جاتا رہا۔ صرف 1970ء میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ کسی حد تک شفاف تھے۔ وزیر اعظم عمران خان شروع سے ہی صاف اور شفاف انتخابات کا نعرہ لے کر چلتے رہے ہیں۔ 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی اور وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد بھی انہوں نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انتخابی اصلاحات کر کے ملک میں رائج فرسودہ نظام کو بدلیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت انتخابی اصلاحات چاہتی ہے‘ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے اور اگلے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کے نزدیک الیکٹرانک ووٹنگ مشین یعنی ''ای وی ایم‘‘ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کا حتمی طریقہ ہے لیکن اپوزیشن اس کو دھاندلی کا نیا حربہ قرار دے رہی ہے۔ ایسے میں دونوں جانب سے سیاسی محاذ پر گولہ باری، نوک جھوک اور تلخ کلامی چلتی رہتی ہے۔ بات جمعہ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اس وقت کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی جب اعظم سواتی صاحب نے الیکشن کمیشن پر انتخابات میں پیسے لے کر دھاندلی کا الزام عائد کر دیا۔ کچھ زیادہ جذباتی ہو کر وزیرموصوف نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی بات بھی کر دی۔ خیر اس کمیٹی نے حکومتی ارکان کی غیر موجودگی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ کا بل مسترد کر دیا؛ تاہم بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کے بیان پر مسلم لیگ (ن) چراغ پا ہو گئی اور اس بیان کو ''ہٹلر کی سوچ‘‘ کا عکاس قرار دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کا موقف ہے کہ حکومت ووٹر لسٹوں کا ریکارڈ الیکشن کمیشن سے لے کر نادرا کو دے رہی ہے تاکہ دھاندلی کی راہ ہموار کر سکے۔ اس کا جواب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے یوں دیا کہ الیکشن کمیشن کو اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر قرار دے دیا۔ نواز شریف سے قربت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نہ صرف چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا بلکہ انہیں مشورہ دیا کہ اگر انہیں سیاست کرنے کا اتنا ہی شوق ہے تو استعفا دے کر سیاست میں آئیں اور الیکشن لڑیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے نزدیک اپوزیشن سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے عاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کو ملک و قوم کی کوئی فکر نہیں، اپوزیشن والوں کو اپنے مفاد کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن پر حملوں کی مذمت کی اور اس عزم کو دہرایا کہ ایک اور الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ ای وی ایم کیسے کام کرتی ہے‘ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز مختلف ٹی وی چینلز پر اس کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ہیکرز کو ای وی ایم ہیک کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئیں اور مشین کو ہیک کر کے دکھائیں۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے اس مشین کو ہیک کرنے کی صورت میں 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر دیا۔ دوسری طرف ''پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘‘ یعنی پی ڈی ایم اپنے پلیٹ فارم سے اس بات کو واضح کر چکی ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کسی صورت استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پی ڈی ایم کے بقول یہ دھاندلی کا منصوبہ ہے اور 25 جولائی 2018ء کا ایکشن ری پلے کرنے کی تیاری ہے۔ اس ساری بیان بازی میں حکومت کی تنقید کا مرکز اپوزیشن کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن بھی ہے۔ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کا فیصلہ عجلت میں نہیں کیا جانا چاہئے۔ ابھی تک اس مشین کے ذریعے ووٹر کی بائیو میٹرک تصدیق کا کوئی طریقہ کار طے نہیں۔

دوسری طرف حقائق پر نظر دوڑائی جائے تو دنیا کی 167 جمہوریتوں میں سے صرف 8 ممالک میں ہی الیکٹرانک ووٹنگ کا طریقہ رائج ہے جبکہ 9 ممالک جن میں جرمنی، آئرلینڈ، ہالینڈ اور ناروے جیسے ملک شامل ہیں‘ نے الیکٹرانک ووٹنگ شروع کر کے ترک کر دی۔ جرمنی کی آئینی عدالت نے اس طریقہ کار کو عدم شفافیت کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا جبکہ باقی ممالک نے بھی سکیورٹی، ہیکنگ سمیت دیگر خدشات کی بنیاد پر دوبارہ سے پرانے طریقہ کار کو اختیار کر لیا ہے۔ پاکستان تو ایسا ملک ہے جہاں ووٹرز کی ایک بڑی تعداد ان پڑھ ہے‘ کیا انہیں اس قلیل عرصے میں ان مشینوں کا استعمال سکھایا جا سکے گا؟ جو لوگ پڑوسی ملک بھارت کی مثال اس ضمن میں دیتے ہیں‘ ان کی خدمت میں عرض کرتا چلوں کہ ہندوستان میں سب سے پہلے 1982ء میں کیرالہ ریاست کے ایک حلقے کے 50 پولنگ سٹیشنوں پر تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال شروع کیا گیا اور پھر 22 سال کی محنت‘ تربیت‘ تجربے اور مہارت کے بعد 2004ء میں لوک سبھا کے انتخابات میں اس کا مکمل طور پر استعمال کیا گیا۔ سابق بھارتی چیف الیکشن کمشنر منوہر سنگھ گل کے مطابق تو الیکشن کمیشن کے اہلکار الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لے کر بازاروں اور چوراہوں پر کھڑے ہوتے تھے تاکہ لوگوں کو ان کا استعمال پریکٹس کر کے سکھایا جائے۔ ہالینڈ کی مثال لیں تو وہاں پر 1980ء کی دہائی میں ووٹنگ مشینوں کا استعمال شروع ہوا اور 90 کی دہائی میں ان کا بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہا تھا‘ 95 فیصد ڈچ ووٹرز ان مشینوں کو استعمال کرنا جان چکے تھے‘ لیکن پھر ان مشینوں کی سکیورٹی اور اس کے ذریعے ہونے والے انتخابات پر سوال اٹھنے لگے۔ 2006ء میں ہالینڈ میں ایک تحریک کا آغاز ہوا جس کا نام تھا:"We Do Not Trust Voting Computers" ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ تحریک کسی سیاسی جماعت نے نہیں بلکہ ہالینڈ کی پہلی انٹرنیٹ سرور فراہم کرنے والی کمپنی اور دیگر کمپیوٹر ماہرین نے شروع کی تھی۔ اس تحریک پر ہالینڈ کی پارلیمنٹ نے انکوائری کمیشن بٹھائے اور پھر بالآخر 2007 میں ان کمیشنز کی رپورٹ کی بنیاد پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ترک کر دیا گیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ای وی ایم کو لے کر حکومت اور اپوزیشن میں بڑھتے ہوئے اختلافات کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ساتھی یہ سمجھتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا طریقہ کار طے ہونے کی صورت میں بیرون ملک مقیم 70 لاکھ کے قریب ووٹرز میں سے 70 فیصد سے زائد ووٹ انہیں کی جھولی میں گریں گے اور ان ووٹوں کی مدد سے وہ با آسانی اگلے 5 سال کے لیے بھی اپنی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ دوسری طرف اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کو ''سلیکٹڈ‘‘ قرار دیتے ہوئے یہ الزام عائد کرتی ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے سے کسی بھی حلقے میں انتخابی رزلٹ کو مینج کرنا با اثر حلقوں کے لیے بڑا آسان ہو جائے گا۔

شاید اسی لئے اپوزیشن بظاہر اپنے تمام تر باہمی اختلافات کے باوجود بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا راستہ روکنے کے لیے متحد اور پُرعزم دکھائی دیتی ہے‘ تاہم اپوزیشن جماعتوں میں کتنا دم خم ہے یہ اب تک ان کی چلائی گئی تحریکوں سے واضح ہو چکا ہے۔ مہنگائی، صحت، روزگار اور کاروبار سمیت بنیادی عوامی مسائل پر یہ اپوزیشن عوام کے لیے مضبوط آواز نہیں بن پا رہی‘ اس حقیقت کے باوجود کہ ان سبھی محاذوں پر تحریک انصاف کی حکومت کو مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ اگلے انتخابات کیسے ہوں گے اس کے لیے انتخابی اصلاحات قانون سازی کے ذریعے ہی ممکن ہوں گی۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی بیان بازی دیکھ کر لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں سیاسی پارہ مزید ہائی ہوتا دکھائی دے گا۔

اس سے قبل یہ کالم    'روزنامہ دنیا ' میں بھی شائع ہوچکاہے ۔

پڑھنا جاری رکھیں

پاکستان

ملک کے مختلف شہرو ں میں بارش کا امکان

سندھ میں بیشتر مقامات پرتیز ہوائیں چلنے ، گرج چمک کیساتھ بارش اورژالہ باری کاامکان ہے

Published by Web Desk

پر شائع ہوا

کی طرف سے

اسلام آباد : محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر،اسلام آباد، پنجاب،بلوچستان اورسندھ میں بیشتر مقامات پرتیز ہوائیں چلنے ، گرج چمک کیساتھ بارش اورژالہ باری کاامکان ہے۔

آج (جمعرات) صبح ریکارڈ کیا گیا بعض شہروں کا درجہ حرارت اسلام آباد انیس ڈگری سینٹی گریڈ لاہور چھبیس کراچی اٹھائیس پشاور اکیسکوئٹہ تیرہگلگت پندرہمری گیارہاور مظفرآباد سولہ ڈگری سینٹی گریڈبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر، جموں،پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اوربارہ مولہ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ، تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ Leh میں مطلع ابرآلود، تیزہوائیں چلنے ،گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری متوقع ہے۔

آج صبح ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت: سرینگر،پلوامہ اوربارہ مولہ میں بارہ ڈگری سینٹی گریڈ، جموں تئیس،Leh دو،اننت ناگ گیارہ اور شوپیاں میں نو ڈگری سینٹی گریڈ ہے ۔ 

 

پڑھنا جاری رکھیں

تجارت

نان اور روٹی کی کم قیمت قبول نہیں ، نان بائی ایسوسی ایشن کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ حکومت کا 16 روپے 2019 کا ریٹ ہے جب آٹا 850 روپے کا تھا ، اب آٹا 12 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے

Published by Web Desk

پر شائع ہوا

کی طرف سے

راولپنڈی: ڈپٹی کمشنرراولپنڈی  کی جانب  سے روٹی کی قیمت میں کمی اور نان بائی قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف جڑواں شہروں کے نان بائیوں نے ہڑتال کر کے تنور بند کر دیے جس سے شہری روٹی نان پراٹھہ سے مکمل محروم ہوگئے اور ناشتہ میں شدید مشکلات کا سامنا کیا۔


تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی طرف سے روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کر کے 16 روپے اور نان کی قیمت 20 روپے مقرر کرنے، تندوروں کے چالان ، بھاری جرمانوں اور قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف نان بائی 3 روزہ ہڑتال پر چلے گئے جس سے تندور بند ہوگئے۔

راولپنڈی اور گردونواح کے عوام تندوروں کی بندش سے  ناشتہ کرنے میں مشکلات کا شکار رہے۔ بڑی تعداد میں شہری بغیر ناشتہ کے دفاتر اور طلبہ اسکول گئے جبکہ اکثریت نے ڈبل روٹی اور پاپوں پر گزارہ کیا۔
سیکرٹری جنرل نان بائی ایسوسی ایشن خورشید قریشی کا کہنا ہے ابتدائی طور پر یہ ہڑتال 3 روزہ ہے اس میں اضافہ بھی ممکن ہے ، ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا 16 روپے 2019 کا ریٹ ہے جب آٹا 850 روپے کا تھا ، اب آٹا 12 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں 1 ہزار فیصد اضافہ ہوچکا ہے، ایک طرف روٹی کی قیمت 4 روپے کم اور دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمت 8 روپے بڑھا دی گئی ہے، یہ کمی واپس لی جائے وگرنہ طویل دورانیے کی ہڑتال پر جاسکتے ہیں ۔

پڑھنا جاری رکھیں

تجارت

عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں کمی واقع

پاکستان میں گزشتہ دنوں پیٹول کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے

Published by Web Desk

پر شائع ہوا

کی طرف سے

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اب بھی  جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ دنوں  کشیدگی کے سبب سپلائی پر بڑھتے خدشات کی وجہ سے بدھ کے روز عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

برینٹ فیوچر کی قیمت 56 سینٹس یا 0.62 فیصد کم ہوئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت فی بیرل 89 اعشاریہ 46 ڈالر ہوگئی جبکہ یو ایس کروڈ فیوچر 63 سینٹ، یا 0.74 فیصد گر کر 84.73 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ دنوں پیٹول کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ 

پڑھنا جاری رکھیں

Trending

Take a poll