متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر زمینی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی فوج کی غزہ پر زمینی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ غزہ میں فوری طور پرجنگ بندی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کا خون بہانا بند کیا جائے۔
وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد پرفوری عمل کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے جس میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی روکنے اورغزہ کے شہریوں کو امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پرزوردیا گیا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کےلیے وہاں جاری عسکری کارروائیوں کو بند کیا جائے تاکہ غزہ پٹی میں امن قائم ہو اور شہریوں کو امدادی اشیا پہنچائی جاسکیں۔