ٹیکنالوجی

برازیل کی عدالت نے  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی لگا دی

سپریم کورٹ کے جج ایلگزینڈر موریس نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ملک بھر میں ایکس کی سروسز کو مکمل طور پر بند کر دے

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 months ago پر Aug 31st 2024, 8:48 am
ویب ڈیسک کے ذریعے
برازیل کی عدالت نے  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی لگا دی

ریو ڈی جنیرور: برازیل کی سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلے میں ایلون مسک کے ملک میں انتہائی مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایلون مسک اور برازیلی حکومت کے درمیان کشمکش شدت اختیار کر گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے جج ایلگزینڈر موریس نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ایجنسی کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ملک بھر میں ایکس کی سروسز کو مکمل طور پر بند کر دے۔ اس کے علاوہ گوگل اور ایپل سمیت تمام انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کو ایکس ایپلی کیشنز کو روکنے کے لیے ٹیکنالوجیکل رکاوٹیں لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلی عدالت نے ایلون مسک سے فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم ایلون مسک نے برازیل میں اس مقصد کے لیے دفتر کھولنے سے انکار کر دیا تھا۔

ایلون مسک نے اس فیصلے کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ آزادی اظہار پر ایک حملہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج موریس نے کمپنی کے قانونی نمائندے کو سینسرشپ آرڈر پر جبری عمل درآمد کیلئے گرفتاری کی دھمکیاں دی تھیں۔

برازیل میں ایکس کو 22 ملین سے زائد صارفین استعمال کرتے ہیں جو اسے ملک کا سب سے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم بناتا ہے۔