جرم

کراچی میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی باشندے زخمی

ملزم شریف کو شناخت کرنے کے بعد مختلف مقامات پر گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارے ہیں، پولیس

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 months ago پر Nov 5th 2024, 4:21 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
کراچی  میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی باشندے زخمی

سائٹ ایریا میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی باشندے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گارڈ اور چینی باشندوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد سکیورٹی گارڈ نے گولی چلادی۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی چینی باشندے کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع پولیس کے مطابق ملزم شریف کو شناخت کرنے کے بعد مختلف مقامات پر گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارے ہیں۔ غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ایس پی یو کے سکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔ ایس پی یو اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والے گارڈ کے فرار کی کوشش ناکام نہیں بنائی۔ زخمی شہریوں کی شناخت یوان فینگ اور لووین زینگ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سیکیورٹی گارڈ کے موقع سے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی تصویر سامنے آگئی۔ ذرائع پولیس کے مطابق فرار سیکیورٹی گارڈ کا آبائی تعلق چمن سے ہے۔ ملزم کراچی میں بھاوانی چالی کا رہائشی تھا۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ چار سیکیورٹی سپروائزر کی غفلت اور لاپرواہی سامنے آئی ہے، 8 بج کر 4 منٹ واقعہ ہوا اور پولیس کو 8 چالیس پر اطلاع دی گئی۔ غیر ملکیوں کی سیکیورٹی سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ واقعہ کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، فیکٹری میں دو طرح کی سیکیورٹی موجود ہے، فیکٹری میں ایک اپنی اور ایک نجی سیکیورٹی کمپنی ہے۔ موقع سے چار سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیا گیا ہے، غیر ملکیوں کو ڈیفنس سے سخت سیکیورٹی میں فیکٹری کے اندر پہنچایا۔

اسد رضا کے مطابق فیکٹری کے اندر زمہ داری کمپنی کی ہوتی ہے، سیکیورٹی گارڈ کے آبائی علاقے میں بھی ملزم کو تلاش کیا جائے گا، سائیٹ فیکٹری میں زخمی غیر ملکی باشندوں کو آئی سی یو شفٹ کردیا گیا ہے، دونوں باشندوں کے سٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کر لیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کی رپورٹ مرتب کی جارہی ہے، ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد غیر ملکی باشندوں کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائیگا۔