پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہانگ کانگ سکسز 2025 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
یہ مختصر فارمیٹ کا دلچسپ ٹورنامنٹ 7 سے 9 نومبر تک ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا، جس میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تمام ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ میں تین ٹیمیں شامل ہوں گی۔ پاکستان کو گروپ "سی" میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت اور کویت سے ہوگا۔
قومی اسکواڈ میں عباس آفریدی کے ساتھ عبدالصمد، خواجہ محمد نافع، معاذ صداقت، محمد شہزاد، سعد مسعود اور شاہد عزیز شامل ہیں۔ اس ایونٹ میں پاکستان نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گا، جو مختصر فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کے لیے تیار ہیں۔