تجارت
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی
کراچی:ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 600 روپے کمی ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط کے ایک تولہ سونے کی قدر 600 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 23 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کا دام 514 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 5 ہزار 796 روپے ہے۔
زیوارت کی تیاری میں استعمال ہونے والے 22 قیراط گولڈ کی فی 10 گرام قیمت 96980 روپے ہے۔
عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 11 ڈالر گھٹ کر ایک ہزار 784 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔
علاقائی
مصنوعی بارش سے لاہور اور ملحقہ علاقوں میں سموگ انڈیکس میں کمی آئی ہے، مریم اورنگزیب
پاکستانی پنجاب میں "ڈی ٹاکس پنجاب مہم" سے راولپنڈی سمیت تمام علاقوں میں سموگ کی صورتحال میں بہتری ہو گی، سینئر صوبائی وزیر
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں کی تبدیلی اور مصنوعی بارش سے لاہور اور ملحقہ علاقوں میں سموگ انڈیکس میں کمی آئی ہے ۔
پنجاب میں سموگ کے حوالے سے سینئر صوبائی وزیر نے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کو کئے جانے والے اقدامات اور تمام اداروں کے کردار سے پنجاب کو سموگ سے نجات دلانے میں مدد ملے گی، پاکستانی پنجاب میں "ڈی ٹاکس پنجاب مہم" سے راولپنڈی سمیت تمام علاقوں میں سموگ کی صورتحال میں بہتری ہو گی، لاہور میں سموگ سے بچاؤ کیلئے آپریشن پوری قوت سے جاری ہے، لاہور میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں، ٹرکوں کے داخلے پربدستور پابندی عائد ہے ۔
سینئیر صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمیں اپنے علاقوں میں سموگ پھیلانے والے ذرائع کے تدارک کے بھرپور کوششیں جاری رکھنی ہیں ، سموگ سے بچاﺅ کے لئے ہر شہری کا تعاون لازمی ہے، فیلڈ میں موجود ای پی اے، پولیس، ٹرانسپورٹ، پنجاب حکومت کے تمام اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سموگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے والے ہر ادارے کا افسر اور عملے کا فرد ہیرو ہے، مشکل حالات میں مشکل فیصلے عوام کی زندگیوں اور صحت کے تحفظ کے لیے کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں اور ماسک پہنیں ۔
پاکستان
امن اوامان کے قیام کیلئے سب جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، حافظ نعیم الرحمان
پاکستان بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا، امیر جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمان کاکہنا ہے کہ پاکستان بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا، امن اوامان کے قیام کیلئے سب جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے باجوڑ میں اندوہناک واقعہ ہوا جہاں جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری کو شہید کردیا گیا، باجوڑ میں سب سے بڑی جماعت ، جماعت اسلامی ہے، باجوڑ میں زیادہ تر سیاسی لوگوں کو ہدف بنایا جاتا ہے، سکیورٹی کو یقینی بنانا وفاقی ،صوبائی اور قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی خاموش نہیں رہ سکتی، پاکستان کا ہر فرد قیمتی ہے،ہم فوج کے جوان کیلئے بھی بات کرتے ہیں کسی جماعت کا سیاسی ورکر بھی بہت قیمتی ہوتا ہے۔ بلوچستان اور کے پی میں مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، امن وامان کی براہ راست ذمہ داری حکومت کی ہے، ہمارا ایک بیس بائیس سال کا ریکارڈ چلتا آرہا ہے، جب تک امریکا کی مدد نہیں کی تھی ہمارا پورا بارڈر محفوظ تھا، ہمارا افغانستان،بلوچستا ن اور کے پی کا بارڈر محفوظ تھا، امریکی محبت میں انہوں نے ہمیں کمزور کردیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ افغان حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،پاکستان بھی بات چیت سے مسائل حل کرے، ہم کیوں اپنے خطے پر کسی کی پراکسی لڑیں۔ مجموعی طور پر بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، حکومت بیٹھ کر مسائل حل کرنے کیلئے تیار نہیں، آپ کے بہت سی جماعتوں سے اختلافات ہوں گے،سب کو آن بورڈ لینا ہوگا،باجوڑ واقعے میں جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری کی شہادت کی مذمت کرتا ہوں، تمام ادارے موجود ہیں پھر دہشتگرد کہاں سے آتے ہیں اور کہاں جاتے ہیں؟ ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ کبھی کبھی رائی کا پہاڑ فراہم کرتے ہیں،کبھی کبھی خود ہی پہاڑ بن جاتے ہیں، پاکستان اس بدامنی کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، امن وامان کے براہ راست اثرات معیشت پر پڑتے ہیں، یہ تو ملک میں سکول ہی بیچے چلے جارہے ہیں، تعلیم اور صحت کا حال برا ہے، جب یہ کہتے ہیں مہنگائی کم ہورہی ہے تو یہ جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، مسئلے کیسے حل ہونگے جب انڈسٹری بند پڑی ہے، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے چلی گئیں، ہمارے ہاں پٹرول کی قیمت برقرار نہیں بلکہ بڑھائی گئی، ونٹر پیکج میں بھی لوگوں کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ کرکے لوگوں کو بے وقوف بنانے کا عمل ختم ہونا چاہیے، انہوں نے جھوٹ اور دھوکے کا سامان کیا ہوا ہے، آئی ایم ایف کا وفد تین دن آپ کے ساتھ بیٹھا ہے، حکومت کا سارا انحصار ٹیکس بڑھا کرپیسے لینے پر ہے، ایف بی آر کے 25ہزار لوگ تو کام کرتے نہیں، جاگیر دار پر اب تک کوئی ٹیکس پالیسی نافذ نہیں ہوئی۔
ان کامزید کہنا تھا کہ سولر پالیسی کسی صورت تبدیل نہیں ہونی چاہیے ، آئی پی پیز سے غلط معاہدے ختم کیے جائیں، پہلے انہوں نے واضح کہا تھا منی بجٹ نہیں لائیں گے، اب شارٹ فال پر ہر نئے دن کہتے ہیں منی بجٹ لائیں اور کبھی کہتے ہیں نہیں لائیں گے ، چیزیں مہنگی ہونے سےغریب آدمی کیلئے ہر روز ایک نیا منی بجٹ ہی ہوتا ہے۔
پاکستان
بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کی ترقی کے دشمن ہیں، شہباز شریف
صدر مملکتاور وزیرِاعظم کی قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی، انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہیں، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کے لوگوں اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
صدر مملک آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں کو شاندار خراج عقیدت اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اہلِ خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ۔
صدر مملکت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
-
ٹیکنالوجی ایک دن پہلے
غیر قانونی وی پی این استعمال کرنے والوں کے لیے بری خبر
-
کھیل 2 دن پہلے
پی سی بی کا غیر ملکی ہیڈ کوچز سے مستقل چھٹکارہ پانے کا فیصلہ
-
دنیا 2 دن پہلے
سری لنکا : صدارتی انتخابات میں ڈسانائیکے کو برتری حاصل
-
علاقائی 2 دن پہلے
ڈیرہ بگٹی میں 90 غیرحاضر اساتذہ معطل
-
تجارت 2 دن پہلے
سونے کی قیمت میں سینکڑوں روپے کا اضافہ
-
پاکستان 2 دن پہلے
سموگ تدارک،لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ
-
پاکستان ایک دن پہلے
اے این پی رہنماالیاس احمد بلور انتقال کر گئے
-
تجارت 2 دن پہلے
پی ایس ایکس میں کاروبار کا مثبت رجحان ، انڈیکس میں 500 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ