Advertisement

افغان آرمی چیف ولی محمد احمد زئی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

کابل : افغانستان آرمی چیف ولی محمد احمد زئی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا ۔

GNN Web Desk
شائع شدہ 4 سال قبل پر اگست 12 2021، 4:30 صبح
ویب ڈیسک کے ذریعے
افغان آرمی چیف ولی  محمد احمد زئی کو عہدے سے  برطرف کردیا گیا

طالبان کے ہاتھوں پسپائی پر افغان صدر اشرف غنی نے آرمی چیف ولی  محمد احمد زئی کو عہدے سے  برطرف کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو افغانستان کا نیا آرمی چیف مقرر کردیاگیا۔

افغانستان میں تشدد کی نئی لہر کے باعث 21 جون کو  افغان صدر  نے جنرل ولی محمد احمد زئی کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف تعینات کیا تھا۔

خیال رہے کہ طالبان نے افغانستان کے مزید 3 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا جس کے بعد افغانستان کے 34 میں سے 9 طالبان کے کنٹرول میں چلے گئے۔امریکی خبررساں  ادارے کے مطابق شمال مشرق میں بدخشاں اور بغلان صوبوں اور مغرب میں صوبہ فراہ کے دارالحکومتوں پر قبضے سے پیشگی لہر کو روکنے کے لیے ملک کی مرکزی حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں امریکا نے 2001 میں پہلی مرتبہ طالبان حکومت کے خلاف حملے شروع کیے تھے، جو نائن الیون حملوں کا نتیجہ تھا۔تاہم 2 دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بعد گزشتہ برس فروری کو امن معاہدہ کیا تھا جس کی رو نے غیر ملکی افواج کے انخلا اور افغان حکومت کی طالبان کے ساتھ بات چیت پر اتفاق کیا تھا۔

افغانستان میں جاری لڑائی میں رواں برس مئی سے ڈرامائی تبدیلی اس وقت آئی جب امریکا کی سربراہی میں افغانستان میں موجود غیرملکی افواج کے انخلا کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا اور رواں مہینے کے اختتام سے قبل انخلا مکمل ہوجائے گا۔جس کو مدنظر رکھتے ہوئے  طالبان کی جانب سے پہلے اہم سرحدی علاقوں پر قبضہ کیا گیا اور اب صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے جس میں سے 6 کا کنٹرول وہ حاصل کرچکے تھے۔

 

Advertisement
Advertisement