Advertisement

سیب اور دیگر پھل پھیپھڑوں کو آلودگی سے بچاتے ہیں، نئی تحقیق

محققین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والے اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش اجزاء پھیپھڑوں کو تکسیدی تناؤ (oxidative stress) اور سوزش سے محفوظ رکھتے ہیں

GNN Web Desk
شائع شدہ 2 hours ago پر Oct 1st 2025, 9:53 pm
ویب ڈیسک کے ذریعے
سیب اور دیگر پھل پھیپھڑوں کو آلودگی سے بچاتے ہیں، نئی تحقیق

موجودہ دور میں فضائی آلودگی انسانی صحت بالخصوص پھیپھڑوں پر گہرے اثرات ڈال رہی ہے، مگر ایک نئی طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پھلوں کا زیادہ استعمال پھیپھڑوں کو اس آلودگی کے نقصان دہ اثرات سے بچا سکتا ہے۔ برطانیہ کی لیسٹر یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ کی بنیاد پر سیب یا دیگر پھلوں کا استعمال کرتے ہیں، ان کے پھیپھڑے زیادہ مضبوط اور آلودگی کے اثرات سے محفوظ رہتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ دنیا کی 90 فیصد آبادی کسی نہ کسی حد تک فضائی آلودگی کا شکار ہے، جو پھیپھڑوں کے افعال کو متاثر کرتی ہے۔

اس مطالعے میں یوکے بائیو بینک کے دو لاکھ افراد کے غذائی معمولات، پھیپھڑوں کے افعال اور فضائی آلودگی کے اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے پتہ چلا کہ جہاں فضائی آلودگی کے ننھے ذرات میں معمولی اضافہ ہوا، وہاں پھلوں کا کم استعمال کرنے والے افراد کے پھیپھڑوں کی صحت میں واضح کمی دیکھی گئی۔ اس کے برعکس، پھلوں کا زیادہ استعمال کرنے والوں میں، خاص طور پر خواتین میں، یہ نقصان نہ ہونے کے برابر تھا۔

محققین کے مطابق پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والے اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش اجزاء پھیپھڑوں کو تکسیدی تناؤ (oxidative stress) اور سوزش سے محفوظ رکھتے ہیں، جو فضائی آلودگی کے اہم اثرات ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ پھل کھاتی ہیں، اس لیے خواتین میں پھیپھڑوں کو آلودگی سے زیادہ تحفظ حاصل ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت بخش غذا فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے لڑنے میں مددگار ہو سکتی ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ طویل المدتی اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ تحقیق کے نتائج یورپین ریسپائریٹری سوسائٹی کانگریس میں پیش کیے گئے۔

Advertisement
Advertisement